پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کا معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ بات بدھ کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر پوسٹ میں بتائی ہے۔
وزیر خارجہ کی جانب سے یہ اعلان منگل کو ابوظہبی میں پاکستان-یو اے ای جوائنٹ منسٹریل کمیشن (جے ایم سی) کے 12ویں اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تین اہم مفاہمتی یادداشتیں پر دستخط کیے گئے ہیں جن میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا استثنیٰ، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کا فروغ جیسے امور شامل ہیں جو دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تعلقات کو مضبوط بنانے کی راہ ہموار کریں گی۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت اسحاق ڈار اور اماراتی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کی۔
اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر بات چیت ہوئی اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کے نئے مواقع پر غور کیا گیا۔
فریقین نے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے اور بین الوزارتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
متحدہ عرب امارات اب بھی ان اہم مقامات میں شامل ہے جہاں پاکستانی مزدور سب سے زیادہ ملازمت کرتے ہیں۔ یہاں ملازمت کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 64,130 یعنی 9 فیصد ہے جبکہ سعودی عرب اور عمان پاکستان سے مزدوروں کے ہجرت کے لیے سب سے مقبول مقامات ہیں۔


Comments
Comments are closed.