وزیراعظم شہبازشریف کی ایران میں پاکستانی زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہبازشریف نے ایران میں پاکستانی زائرین کے تحفظ اورمحفوظ واپسی کیلئے ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے زائرین کی حفاظت اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے مربوط اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایات پر دفترخارجہ میں ایک کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کردیاگیا ہے ۔
قبل ازیں پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے اور ایران کی سرزمین پر مبینہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد اپنے شہریوں کو ایران اور عراق کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں بدلتی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی زائرین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران اور عراق کے سفر کے فیصلے پر نظرِثانی کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقات علی خان نے کہا کہ پاکستان تہران اور بغداد میں اپنے سفارتخانوں کے ذریعے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایران اور عراق میں پاکستانی سفارتی مشنز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سیکیورٹی خدشے یا پاکستانی شہریوں کی ہنگامی ضروریات کے بارے میں حکومت کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
یہ ہدایت نامہ ان اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد جاری کیا گیا جو جمعہ کی صبح ایران میں مبینہ طور پر فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں کئی اعلیٰ ایرانی فوجی کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہوئے جس سے خطے میں ایک وسیع تر تنازعے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔


Comments
Comments are closed.