سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعہ کو ایک بیان میں کہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی کولپور کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان دہشت گرد گروہ کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا اور یہ عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود بھارت کے حمایت یافتہ دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔


Comments
Comments are closed.