اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا رجحان، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 160 پوائنٹس کی کمی
ایک روز قبل ریکارڈ بلند ترین سطح چھونے کے بعد (پاکستان اسٹاک ایکسچینج پی ایس ایکس) میں جمعرات کے کاروباری روز ملا جلا رجحان دیکھا گیا جبکہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس اتار چڑھاؤ کے بعد 160 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
کے ایس ای-100 نے کاروبار کا آغاز منفی رجحان کے ساتھ کیا جس سے یہ انٹرا ڈے کی کم ترین سطح 121,517.90 پوائنٹس تک گرگیا جس کے بعد خریداری کی لہر کی بدولت انڈیکس انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 122,281.58 تک جا پہنچا۔
بعد ازاں اختتامی گھنٹوں میں فروخت دیکھی گئی اور اختتام پر اہم انڈیکس 157.86 پوائنٹس یا 0.13 فیصد کی کمی کے ساتھ 121,641 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بدھ کے روز پی ایس ایکس مسلسل دوسرے دن بھی تیزی کو برقرار رکھتے ہوئے نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی، جس کی بنیادی وجہ آئندہ بجٹ سے متعلق مثبت خبریں تھیں۔
کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1,348 پوائنٹس یا 1.12 فیصد کا اضافہ ہوا، جس سے یہ ریکارڈ 121,799 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر، ایشیائی حصص کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جبکہ امریکی ڈالر عالمی معیشت کے غیر یقینی حالات کے باعث یورپی سینٹرل بینک (ای سی بی) کی پالیسی آؤٹ لک سے قبل دباؤ میں رہا۔
پچھلے سیشن میں امریکی ڈالر کمزور ہوا، جس کی وجہ امریکی ملازمت اور سروسز کے کمزور اعداد و شمار تھے۔ مزید اہم روزگار سے متعلق ڈیٹا جمعہ کے روز متوقع ہے۔ امریکی معیشت کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع ٹیرف پالیسیوں سے نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ دو طرفہ تجارتی معاہدے تاحال مکمل نہیں ہو سکے۔
کینیڈا نے امریکہ کی جانب سے دھاتوں پر نئے ٹیرف کے خلاف جوابی اقدامات کی تیاری شروع کر دی ہے، جبکہ یورپی یونین نے واشنگٹن کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔
اس پس منظر میں مارکیٹ مبصرین کو یقین ہے کہ ای سی بی اپنی پالیسی شرح سود میں کمی کرے گا، تاہم زیادہ توجہ بینک کی صدر کرسٹین لاگارڈ کے مستقبل کے فیصلوں سے متعلق اشاروں پر ہوگی۔
ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر ٹیرف کو دوگنا کرنے کا فیصلہ بدھ سے نافذ العمل ہوا، جس سے خاص طور پر کینیڈا اور میکسیکو متاثر ہوئے۔
ایم ایس سی آئی کا ایشیا پیسیفک کے جاپان سے باہر کے حصص کا سب سے وسیع انڈیکس ابتدائی کاروبار میں 0.7 فیصد بڑھا، جبکہ جاپان کا نکی اسٹاک انڈیکس 0.2 فیصد نیچے آیا۔
یہ ایک انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔


Comments
Comments are closed.