پاکستان کی معروف چکن پروسیسنگ کمپنی بگ برڈ فوڈز لمیٹڈ (بی بی ایف ایل) نے چین کے عالمی ٹیکنالوجی ادارے علی بابا گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔
بگ برڈ فوڈز لمیٹڈ نے یہ پیشرفت اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں کہی۔
کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ اس معاہدے کے تحت بی بی ایف ایل کو علی بابا کے عالمی بی ٹو بی ای-کامرس پلیٹ فارمز، بشمول علی بابا ڈاٹ کام تک براہِ راست برآمدی رسائی حاصل ہوگی جس کے ذریعے بی بی ایف ایل اپنی مرغی اور پروسس شدہ غذائی مصنوعات کو 190 سے زائد ممالک کو فروخت کرسکے گی۔
کمپنی نے اس تعاون کو بی بی ایف ایل کی بین الاقوامی توسیع کی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ اس شراکت داری سے عالمی پولٹری گوشت کی مارکیٹ کے دروازے کھلیں گے جس کی سالانہ مالیت 350 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔
بگ برڈ نے کہا کہ اس معاہدے سے بی بی ایف ایل کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، بین الاقوامی سطح پر برانڈ کی پہچان بڑھے گی اور شیئر ہولڈرز کیلئے طویل المدتی قدر میں اضافہ ہوگا۔
بی بی ایف ایل ستمبر 2011 میں ایک پولٹری پروسیسنگ یونٹ کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد قومی و بین الاقوامی منڈیوں میں معیاری چکن مصنوعات فراہم کرنا ہے۔
بعد ازاں یکم جون 2023 کو اسے ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔


Comments
Comments are closed.