وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور اور وزیر مملکت سید طارق فاطمی نے منگل کے روز اپنے سرکاری دورے کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔ یہ بات دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وزیراعظم شہباز شریف کے پُرتپاک تہنیتی پیغامات پہنچائے اور توانائی، تجارت اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں روس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور خطے میں عدم استحکام پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کیا۔
طارق فاطمی نے خصوصی طور پر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی دھمکی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اسے خطے کے امن اور آبی تحفظ کے لیے بہت خطرناک قرار دیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مستقل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا اور جاری مشترکہ منصوبوں، جیسے نئے اسٹیل ملز اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے حوالے سے روس کے عزم کا اعادہ کیا
پاک بھارت تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے لاروف نے روس کی مسلسل حمایت کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں جنوبی ایشیائی ہمسایوں کے تعلقات میں بہتری خطے کے استحکام کے لیے اہم ہے۔
ملاقات کے اختتام پر، طارق فاطمی نے وزیراعظم شہباز شریف کا ایک خط روس کے صدر ولادی میر پوتن کے لیے پیش کیا۔


Comments
Comments are closed.