نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کے روز 2 سے 7 جون کے دوران متوقع موسمی حالات کے پیش نظر ایک اثرات پر مبنی موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں ملک کے بیشتر حصوں میں مسلسل شدید گرمی اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی اور شمال مشرقی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں پورے ہفتے کے دوران درجہ حرارت بلند رہنے کا امکان ہے۔
تاہم خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصے وقفے وقفے سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو سکتے ہیں، جن کے مقامی آبادی اور زرعی سرگرمیاں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم 2 سے 5 جون کے دوران راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک اور آندھیوں کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، تربت، گوادر، خضدار اور ژوب میں بھی شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا۔
اسی طرح سندھ بھر میں موسم خشک اور گرم رہے گا، خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے زیادہ تر علاقے گرم اور خشک رہیں گے، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور کرم میں 2 سے 6 جون کے دوران کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
گلگت بلتستان (جی بی) اور آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد اور میرپور شامل ہیں۔ یہ سلسلہ 7 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل الرٹ رہیں، ہنگامی تیاریوں کو بہتر بنائیں اور مقامی ریسپانس یونٹس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
اتھارٹی نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، خصوصاً پہاڑی یا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں، اور درختوں، بجلی کی تاروں، اور سولر پینلز جیسے کمزور انفرا اسٹرکچر کو محفوظ بنانے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے کھڑی فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو بیرونی یا پہاڑی سرگرمیوں کے دوران محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔


Comments
Comments are closed.