اپسوس سروے، وزیر خزانہ کا عوامی اعتماد میں اضافے پر اظہار اطمینان
- محمد اورنگزیب نے مثبت نتائج کا سہرا حکومت کی گزشتہ 14 ماہ کی منظم معاشی حکمتِ عملی کو دیا
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی پی ایس او ایس (اپسوس) کے دوسری سہ ماہی 2025 کے صارف اعتماد سروے کے نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عوامی رجحانات کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
سروے کے مطابق صارفین کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب 42 فیصد پاکستانی یہ یقین رکھتے ہیں کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جو گزشتہ چھ سال کے دوران بلند ترین سطح ہے۔ معیشت کو مستحکم سمجھنے والوں کی شرح بھی اگست 2019 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یہ ایک اہم موڑ ہے کہ صارفین کے اعتماد کی نگرانی کے آغاز سے پہلی بار اُمید نے مایوسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے — جو عوام میں ذہنی رجحان میں ایک مثبت اور فیصلہ کن تبدیلی کی علامت ہے۔
ایک بیان میں محمد اورنگزیب نے مثبت نتائج کا سہرا حکومت کی گزشتہ 14 ماہ کی منظم معاشی حکمتِ عملی کو دیا، جس کے باعث اُن کے مطابق اہم معاشی اشاریے مستحکم ہوئے ہیں۔ ان میں مہنگائی پر قابو پانا، روپے کی قدر کو مضبوط بنانا، زرمبادلہ ذخائر کو بحال کرنااور مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا شامل ہے۔
یہ اعداد و شمار ہماری معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششوں کی کامیابی کی عکاسی کرتے ہیں اور ایک وسیع تر اقتصادی بحالی کے آغاز کا اشارہ دیتے ہیں۔
بڑے پیمانے پر خریداریوں اور سرمایہ کاریوں سے متعلق صارفین کے اعتماد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں دگنا اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ مقامی سطح پر لوگ اپنی مالی مستقبل کے حوالے سے زیادہ پُراعتماد ہوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزگار کے تحفظ سے متعلق اعتماد بھی 2019 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
سروے نتائج میں شہری اور دیہی علاقوں دونوں میں وسیع پیمانے پر اُمید افزا رجحان دیکھا گیا، خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین میں اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق، یہ بات ملک کی معاشی بحالی کی وسیع تر اور جامع نوعیت کو ظاہر کرتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے اس مثبت رجحان کو حکومت کی اس حکمت عملی سے جوڑا جو نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے، برآمدات میں اضافہ کرنے اور سماجی تحفظ و مالی شمولیت کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنے اور ساختی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پائیدار اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ سروے نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان معاشتی بحالی اور استحکام کی راہ پر مستحکم طور پر گامزن ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.