پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کا ایڈیشن تاریخ کے اوراق میں اپنا نام درج کروا چکا ہے، جس میں اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کے کسی بھی ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگائے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پی ایس ایل 2025 کے دوران اب تک کُل 34 میچز میں مجموعی طور پر 500 چھکے لگائے گئے جو کہ 2023 کے سیزن میں بننے والے 498 چھکوں کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے جب پی ایس ایل کے کسی ایک ایڈیشن میں 500 چھکوں کی حد عبور کی گئی ہے۔
چھکوں میں یہ نمایاں اضافہ نہ صرف پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بدلتی ہوئی نوعیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس میں شامل دھواں دار بیٹنگ ٹیلنٹ کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکوں والے سرفہرست پانچ سیزن اب درج ذیل ہیں:
- 2025 – 500 چھکے
- 2023 – 498 چھکے
- 2021 – 440 چھکے
- 2022 – 435 چھکے
- 2018 – 414 چھکے
2025 کا سیزن بیٹنگ کے حوالے سے کئی یادگار کارکردگیوں سے مزین رہا، جہاں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے مسلسل چھکوں کی برسات کر کے نہ صرف شائقین کو خوب محظوظ کیا بلکہ لیگ میں دلچسپی اور جوش و خروش کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق چھکوں میں اس غیر معمولی اضافے کا سہرا بہتر بیٹنگ کنڈیشنز، طاقتور بیٹنگ لائن اپس اور نسبتاً ہموار و کم مددگار پچز کو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی بیٹسمینوں میں بڑھتا ہوا اعتماد اور نت نئی بیٹنگ جدتیں بھی اس رجحان کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔
ہر گزرتے سیزن کے ساتھ پی ایس ایل کا معیار بلند ہوتا جا رہا ہے اور یہ لیگ تیزی سے دنیا کی سب سے سنسنی خیز اور مسابقتی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک بنتی جا رہی ہے۔


Comments
Comments are closed.