سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) ہفتے کے روز وسیع پیمانے پر معطل رہا، جس سے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے صارفین متاثر ہوئے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کر دی۔
یہ حالیہ دنوں میں دوسرا بڑا خلل ہے، جس سے قبل 22 مئی کو بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا۔
پی ٹی اے نے تصدیق کی ہے کہ یہ مسئلہ عالمی نوعیت کا ہے اور پاکستان کی انٹرنیٹ انفرا اسٹرکچر کی کسی تکنیکی خرابی سے متعلق نہیں ہے۔
ادارے نے کہا ہے کہ ملک بھر کی دیگر تمام انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر فعال ہیں۔
آزاد انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس نے بھی رپورٹ دی ہے کہ ’ایکس‘ پر پیش آنے والے خلل بین الاقوامی نوعیت کے ہیں اور کسی بھی ملک کی سطح پر انٹرنیٹ کی بندش یا فلٹرنگ سے متعلق نہیں ہیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی اہم پیش رفت کی فوری اطلاع عوام کو فراہم کرے گا۔


Comments
Comments are closed.