آٹوموٹو صنعت کو عالمی معیار تک پہنچانے کیلئے نئی پالیسیاں متعارف کرا رہے ہیں، ہارون اختر
وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی آٹوموٹو انڈسٹری کو عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے نئی پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے ماسٹر موٹرز کے سی ای او کے ساتھ ملاقات کی جس میں ٹیرف پالیسیز، آٹوموٹو پرزہ جات کی پیداوار، اور گاڑیوں کی برآمدات پر بات چیت کی گئی۔
ہارون اختر خان نے ماسٹر موٹرز جیسے مقامی اداروں کی قابلِ ستائش پیداواری صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے مقامی صنعت کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی مسابقت کے قابل بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بسوں کی تیاری میں مسافروں کی مکمل حفاظت اور آرام اولین ترجیح ہونی چاہیے، تاکہ مقامی صنعت عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ہم ایسی پالیسیاں متعارف کروا رہے ہیں جو پاکستان کی آٹو موٹو صنعت کو عالمی معیار تک لے جائیں گی۔
انہوں نے یوٹونگ بس سروس کی شاندار کارکردگی کی بھی تعریف کی، جس کا انہوں نے خود مشاہدہ کیا اور آٹو موٹو شعبے کی ترقی کے لیے سہولیات اور سرکاری معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.