نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) لمیٹڈ (سی پی پی اے-جی)، کوٹ ادو پاور کمپنی لمیٹڈ (کیپکو) اور نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے درمیان سہ فریقی معاہدے کی منظوری دے دی ہے جو کیپکو کے پاور پلانٹ سے بجلی کی فروخت کو کنٹرول کرے گا۔
کیپکو نے اس پیش رفت سے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ نیپرا نے 19 مئی 2025 کو سی پی پی اے-جی کو بھیجے گئے خط کے ذریعے سی پی پی اے-جی، کیپکو اور نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے درمیان سہ فریقی پاور پرچیزنگ معاہدے اور اس کے شیڈولز کی منظوری دی ہے۔“
کمپنی نے بتایا کہ تاہم معاہدے کو باقاعدہ مؤثر ہونے کے لیے نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ چند شرائط پوری کرنا لازمی ہیں۔
نوٹس کے مطابق نیپرا کی ہدایات، جو 19 مئی 2025 کے خط میں درج ہیں، پر عمل کرنا ضروری ہے تاکہ معاہدے پر دستخط ہو سکیں، جن میں ابتدائی صلاحیت کا ٹیسٹ (آئی سی ٹی) اور حرارتی شرح کا ٹیسٹ (ایچ آر ٹی) شامل ہیں تاکہ کارکردگی کا معیار جانچا جا سکے۔ ایک آزاد انجینئر کو سادہ چکر کی کارکردگی/حرارتی شرح کے اعداد و شمار کا جائزہ لینا اور رپورٹ نیپرا کو پیش کرنا ہوگا۔
کیپکو کےمطابق جب یہ تمام تقاضے پورے ہو جائیں گے تو سہ فریقی معاہدہ پاور پلانٹ کے عملی مرحلے کے لیے مؤثر ہو جائے گا۔
گزشتہ ماہ، نیپرا نے 8 اپریل 2025 کو عوامی سماعت کے بعد کیپکو کو ٹیک اور پے کی بنیاد پر عبوری نرخ منظور کیے تھے۔
کیپکو پاکستان میں 25 اپریل 1996 کو ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہوئی۔ کمپنی کا بنیادی کام پنجاب کے کوٹ ادو میں 15 جنریٹنگ یونٹس پر مشتمل 1600 میگاواٹ صلاحیت کے ملٹی فیول پاور اسٹیشن کی ملکیت، آپریشن اور دیکھ بھال کرنا ہے۔
کمپنی پیدا کی گئی بجلی صرف ایک گاہک، واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کو پاور پرچیزنگ معاہدے (پی پی اے) کے تحت فروخت کرتی ہے۔


Comments
Comments are closed.