بلوچستان: سیکورٹی فورسز نے 3 بھارتی معاونت یافتہ دہشتگردوں کوہلاک کردیا، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی والی تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق 17 اور 18 مئی کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع آواران کے علاقے گِشکور میں آپریشن کیا گیا جہاں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد یونس مارا گیا جبکہ دو دیگر شدت پسند زخمی ہوئے۔
ایک علیحدہ کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے تُربت (ضلع کیچ) میں دو اہم مطلوب دہشت گردوں، صبرﷲ (کمانڈر) اور امجد بچھو، کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ”علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان میں بھارتی آلہ کاروں کی جانب سے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔“


Comments
Comments are closed.