محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر مقامات پر20 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے جس کے باعث سندھ کے بیشتر مقامات پر 20 مئی تک ہیٹ ویو کا امکان ہے۔
اس دوران دادو، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور حیدرآباد میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو جیسی صورتحال کے دوران خاص احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ صحت کے سنگین مسائل سے بچا جا سکے۔
انہوں نے تنبیہ کی ہے کہ بزرگ شہری، شیرخوار بچے، حاملہ خواتین، بیمار افراد اور کھلی فضا میں کام کرنے والے مزدور ہیٹ اسٹروک کا سب سے زیادہ شکار ہو سکتے ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں، ہلکے رنگ کے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور پانی کا مسلسل استعمال کریں تاکہ جسم میں نمی برقرار رہے۔


Comments
Comments are closed.