جاز جو ملک کا سرِفہرست ڈیجیٹل آپریٹر اور ویون گروپ کا حصہ ہے نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 20.3 فیصد آمدنی میں اضافہ رپورٹ کیا، یہ اضافہ مسلسل ڈیجیٹل تنوع اور منظم اخراجاتی نظم و نسق کا نتیجہ ہے۔
سہ ماہی کے دوران جاز نے فوری جی صلاحیت بڑھانے اور اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو وسعت دینے کے لیے 9.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی، جو سالانہ بنیاد پر 78.4 فیصد اضافہ ہے۔ یہ کارکردگی اس وقت حاصل ہوئی جب ملک کی معاشی اور حکومتی پالیسیوں میں مسلسل چیلنجز کا سامنا تھا۔
ڈیجیٹل آمدن میں سالانہ بنیاد پر 49.5 فیصد اضافہ ہوا جو کل آمدنی کا 27.7 فیصد بنا، اس کی وجہ فِن ٹیک اور ڈیجیٹل سروسز کی مضبوط کارکردگی اور پلیٹ فارم پر مبنی ماڈلز کی طرف جاز کی حکمتِ عملی میں تبدیلی ہے، مارچ 2025 تک پاکستان کے معروف فِن ٹیک جاز کیش کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رہی جس نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 10.7 کھرب روپے مالیت کے لین دین کی پروسیسنگ کی۔ جاز کیش کا وسیع نیٹ ورک 1,21,000 فعال ایجنٹس اور 3,40,000 سے زائد فعال مرچنٹس پر مشتمل ہے، جس نے معاشرے کی ڈیجیٹلائزیشن میں اہم کردار ادا کیا ہے، یومیہ تقریباً 1,42,000 ڈیجیٹل قرضے جاری کیے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی موبی لنک بینک نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25.5 فیصد آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا۔
ڈیجیٹل شعبوں میں پاکستان کا سب سے بڑا مقامی اسٹریمنگ پلیٹ فارم تماشا سالانہ بنیاد پر 37.6 فیصد کی نمایاں ترقی کے ساتھ 1 کروڑ 65 لاکھ ماہانہ فعال صارفین (ایم اے یوز) تک پہنچ گیا۔ اس نمو کی بنیادی وجہ کرکٹ کی خصوصی نشریات رہیں، جن میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، پی ایس ایل اور اہم دو طرفہ سیریز کے 57 سے زائد میچ شامل ہیں۔
جاز کے سم کیئر، لائف اسٹائل اور سوشل ایپ سیموسہ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد بڑھ کر 2 کروڑ 9 لاکھ تک پہنچ گئی، جب کہ اس کی نئی سوشل کمیونٹی نے لانچ کے صرف 23 دنوں میں 10 لاکھ صارفین کو متوجہ کیا۔ فکر فری جاز کا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا انشورنس اور صحت کی سہولت فراہم کرنے والا مارکیٹ پلیس—اکتوبر 2024 میں لانچ ہونے کے بعد سے اب تک 10 لاکھ سے زائد ماہانہ فعال صارفین اور 18 لاکھ سے زائد پالیسیز فروخت کر چکا ہے۔ مزید نئی سہولیات پر کام جاری ہے تاکہ ملک بھر میں معیاری صحت کی سہولتوں تک رسائی کو مزید بڑھایا جا سکے۔جاز کا نوجوانوں کے لیے تیار کردہ ڈیجیٹل لائف اسٹائل پلیٹ فارم روکس بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 7 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
کمپنی کے موبائل صارفین کی تعداد 7 کروڑ 34 لاکھ تک پہنچ گئی جس میں فور جی صارفین میں سالانہ بنیاد پر 16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تعداد 5 کروڑ 33 لاکھ ہو گئی۔ موبائل کی اوسط آمدنی فی صارف (اے آر پی یو) 14 فیصد بڑھ کر 328 روپے ہو گئی، جس کی وجہ ڈیٹا کے استعمال میں اضافہ اور ڈیجیٹل بنڈلز کی مانگ رہی، وہ صارفین جو جاز کی ایک سے زائد خدمات استعمال کرتے ہیں (ملٹی پلے صارفین) 33.1 فیصد بڑھ کر 37 فیصد ہو گئے ہیں۔بی آئی ٹی ڈی اے میں سالانہ بنیاد پر 13.2 فیصد اضافہ ہوا، تاہم بی آئی ٹی ڈی اے مارجن قدرے کمی کے ساتھ 42 فیصد رہ گیا، جو آمدنی کے ماخذ میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ جاز کی نئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، جن کے مارجن روایتی ٹیلی کام خدمات کی نسبت کم ہیں، پر توجہ اور سرمایہ کاری سے طویل مدت میں ترقی متوقع ہے۔
جاز کے سی ای او ایاز امیر اہراہیم نے کہا ہے کہ یہ ترقی ہمارے کامیاب تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت ہم ایک سروس کمپنی میں تبدیل ہوچکے ہیں — جو جدت، مالی نظم و ضبط، اور ڈیجیٹل شمولیت کے عمیق عزم سے چلائی جا رہی ہے۔ ہم ایسے پلیٹ فارمز تیار کررہے ہیں جو افراد کو بااختیار بنائیں، چھوٹے کاروبار کو سہولت دیں اور ایک زیادہ مربوط اور مضبوط پاکستان کی تشکیل میں مدد کریں۔ اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیں ٹیکس اور پالیسی اصلاحات کی ضرورت ہے جو ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی اسٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کریں اور طویل مدتی سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے ٹیکس دہندہ کے طور پر، جاز نے پچھلے دس سال میں قومی خزانے میں 502 ارب روپے سے زائد ادا کیے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.