وزیر اعظم ، وزیر خارجہ اور عسکری قیادت کا پسرور کا دورہ، فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، آئی ایس پی آر
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان اور عسکری قیادت کے ہمراہ بدھ کے روز پسرور کینٹونمنٹ کا دورہ کیا اور آپریشن بنیان مرصوص میں فوجی افسروں اور جوانوں کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ یہ آپریشن بھارت کی جارحیت کے خلاف معرکہ حق کے تحت جوابی کارروائی تھی ۔ یہ بات پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں بتائی ہے۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم/ وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اور وزیر اطلاعات کے ہمراہ بدھ کو پسرور کنٹونمنٹ، سیالکوٹ کا دورہ کیا تاکہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فوجی جوانوں کی غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جا سکے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز(ملٹری) اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز(ملٹری) بھی اس دوران موجود تھے۔
دورے کے موقع پر وزیراعظم کو حالیہ آپریشنز کی کارکردگی اور کور(گوجرانوالہ) کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
معرکہ حق میں افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج، جو قوم کے عزم سے مضبوط ہیں، نے مادر وطن کا بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کی مذموم جارحیت کو فیصلہ کن انداز میں شکست دی۔ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں کے اندر پاکستان کے محافظوں نے بھارت کی بزدلانہ جارحیت کو بے مثال مہارت اور عزم کے ساتھ ختم کر دیا۔
افسران اور فرنٹ لائن کے سپاہیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کے بلند حوصلے، غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور تیاری کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے بہادر سپوتوں پر فخر کرتا ہے؛ وہ ہماری قوم کے قیمتی ہیرے ہیں۔
انہوں نے بے گناہ شہریوں کے خلاف بھارت کی کھلی جارحیت کی مذمت کی، جس کے نتیجے میں بچوں، عورتوں اور بزرگوں کی شہادت ہوئی، جبکہ انہیں غلط طور پر دہشت گرد قرار دیا گیا - وزیراعظم نے ان اقدامات کو انتہائی شرمناک اور تمام بین الاقوامی قوانین، اقدار اور اخلاقیات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جان بوجھ کر اس سے گریز کیا کیونکہ ان کے پاس ثبوت پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں تھا اور اس کے بجائے بھارت نے جھوٹے بہانوں ، انتہائی گھمنڈ اور انا کے زعم میں جارحیت شروع کی، جس پر اسے بھرپور جواب دیا گیا ہے۔ الحمدللہ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے شہدا ہمیشہ سے ہمارا فخر رہے ہیں اور قوم ان کی مقروض رہے گی۔
قبل ازیں وزیر اعظم کی آمد پر پاک فوج کے سربراہ اور گوجرانوالہ کے کور کمانڈر نے پرتپاک استقبال کیا۔

Comments
Comments are closed.