پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 ہفتہ 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگی اور پشاور زلمی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کا مقابلہ کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک بیان کے مطابق چھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 25 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم دو میچوں کی میزبانی کرے گا جہاں ملتان سلطانز دوپہر کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ کرے گی جبکہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز شام کے میچ میں مد مقابل ہوں گے۔

اس کے بعد کھیل کا میدان لاہور میں سجے گا، جہاں پہلا کوالیفائر 21 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ایلیمنیٹر 1 اور کوالیفائر 2 بالترتیب 22 اور 23 مئی کو ہوں گے۔
تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے، سوائے 18 مئی کی شام کے میچ کے جو کہ شام 8 بجے شروع ہوگا۔ 18 مئی کے دوپہر کے میچ میں پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق شام 3 بجے پھینکی جائے گی۔
کرکٹ بورڈ نے پہلے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم اب یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ یہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔


Comments
Comments are closed.