پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے منگل کو سابق نیوزی لینڈ کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن کو قومی ٹیم کا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے جو 26 مئی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور معروف کوچ، مائیک ہیسن 26 مئی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ متعدد درخواستوں کے جائزے کے بعد سابق کرکٹر مائیک ہیسن کا نام فائنل کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو قومی ٹیم کی ترقی کے فریم ورک کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ ان کا کردار ہیسن کی تقرری کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا اور ملک کے کرکٹ کے انفرااسٹرکچر اور ٹیلنٹ پائپ لائن کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
بورڈ نے کہا کہ وہ مل کر پاکستان کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔


Comments
Comments are closed.