پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز 17 مئی سے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق ٹورنامنٹ کے بقیہ 8 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 25 مئی کو منعقد ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ لیگ وہی سے شروع ہوگی جہاں اسے روکا گیا تھا، تاکہ شائقین اور کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کا تسلسل برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کرکٹ کے جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی سی بی نے لیگ کو معطل کردیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جس نے نو میں سے چھ میچ جیتے، دو میں شکست کھائی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا، یوں ٹیم نے پلے آف مرحلے میں جگہ یقینی بنالی ہے۔ کراچی کنگز آٹھ میں سے پانچ فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ بھی 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
لاہور قلندرز اور پشاور زلمی بالترتیب نو اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب، ملتان سلطانز نو میچز میں صرف ایک کامیابی کے ساتھ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔


Comments
Comments are closed.