مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے شیئرز پرچیز ایگریمنٹ (ایس پی اے) کے تحت سیکیور لاجسٹکس گروپ لمیٹڈ کو ٹریکس آن لائن (پرائیوٹ لمیٹڈ) کی مکمل خریداری کی منظوری دیدی۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق دونوں جماعتوں نے مسابقتی ایکٹ 2010 کے مطابق انضمام سے قبل درخواست جمع کرائی تھی۔ سی سی پی کے جائزے میں متعلقہ پروڈکٹ مارکیٹ کی نشاندہی پاکستان میں کوریئر اور ای کامرس لاجسٹک سروسز کے طور پر کی گئی ہے۔
سی سی پی نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک اجتماعی انضمام ہے اور دونوں کمپنیوں کے کام کرنے کے طریقے بھی الگ ہیں جس کے نتیجے میں اس ٹرانزیکشن سے کسی ایک گروپ کی مارکیٹ میں بالا دستی یا مسابقت میں کمی نہیں آئے گی۔
سیکیور لاجسٹکس گروپ لمیٹڈ ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو طویل فاصلے اور درمیانے فاصلے کی لاجسٹکس، اثاثوں کی نگرانی، فلیٹ مینجمنٹ اور سیکیورٹی خدمات فراہم کرتی ہے۔ 31 مارچ 2025 کو ختم ہونے والے سہ ماہی میں کمپنی نے 160 ملین روپے کا منافع ظاہر کیا، جس کے نتیجے میں فی شیئر کمائی 0.59 روپے رہی۔
دوسری طرف ٹریکس آن لائن (پرائیویٹ) لمیٹڈ ایک نجی کمپنی ہے جو ای کامرس کلائنٹس کے لیے گودام کی خدمات اور ڈور ٹو ڈور سپلائی پر مرکوز ہے۔
سی سی پی نے کہا کہ اس خریداری سے آپریشنل ہم آہنگی میں اضافہ متوقع ہے اور پاکستان کے ڈیجیٹل لاجسٹکس کے نظام کی ترقی میں مدد ملے گی۔


Comments
Comments are closed.