نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کو اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کو ہدایت کی کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ طور پر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھارت کی جارحانہ کارروائیوں اور اس کے اشتعال انگیزی اور اشتعال انگیز بیانات سے آگاہ کرے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے لیے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بھی خاص طور پر اجاگر کرے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان عالمی برادری پر یہ بات واضح کرے گا کہ بھارت کی جارحانہ کارروائیاں جنوبی ایشیا اور اس سے باہر کے خطے میں امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
یہ اہم سفارتی اقدام پاکستان کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کے تحت وہ بین الاقوامی برادری کے سامنے حقائق پر مبنی مؤقف پیش کرنا چاہتا ہے۔
جنوبی ایشیائی ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب رواں ماہ کے آغاز میں پہلگام میں سیاحوں پر ہلاکت خیز حملہ ہوا، جس میں بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 25 افراد ہلاک ہوئے۔
بھارت نے اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔


Comments
Comments are closed.