بھارت نے پاکستان سے تمام اشیا کی درآمد پر پابندی لگادی
- پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ
بھارت نے پاکستان سے تمام اشیا کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد پر پابندی عائد کردی ۔
بھارت نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان سے یا پاکستان کے راستے گزر کر آنے والی اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کردی ۔ یہ فیصلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ سفارتی تعلقات کے درمیان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے بعد دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
پاکستان سے ہر قسم کی اشیا کی درآمد پر پابندی قومی مفاد میں لگائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کی وادی پہلگام میں مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 26 سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارت نے پاکستان پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے جس کی اسلام آباد نے تردید کی ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے پاس معتبر انٹیلی جنس ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
پاکستان نے جوابی اقدامات کا بھی اعلان کیا جس میں تمام سرحدی تجارت کو روکنا، ہندوستانی ائر لائنز کے لئے اپنی فضائی حدود بند کرنا اور ہندوستانی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنا شامل ہے۔
پاکستان نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے معاہدے کے تحت دریا کا پانی روکا گیا تو اسے جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔
گزشتہ چند سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں کمی آئی ہے۔


Comments
Comments are closed.