وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 10.6 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ پیش رفت حکومت کے اُس ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہوگی، جس کے تحت انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری 37 ماہ کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے اختتام تک ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو 13 فیصد تک لے جانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک زوم میٹنگ میں کیا۔
اجلاس کے دوران محمد اورنگزیب نے حکومت کے میکرو اکنامک اصلاحاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری، سرکاری مالیاتی نظم و نسق، سرکاری اداروں میں رائٹ سائزنگ اور قرضوں کے انتظام کے مزید بہتر طریقہ کار اپنانے سمیت اہم شعبوں میں اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی آفس کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے علیحدہ کرنا ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہے تاکہ ٹیکس پالیسی سازی کو انتظامی سہولت کے بجائے اقتصادی قدروں کے اصولوں کے مطابق بنایا جاسکے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ افراط زر اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے (سی اے ڈی) نے سال بھر اقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے جس سے مجموعی معاشی استحکام میں مثبت پیش رفت ہوئی۔
انہوں نے پرائمری بیلنس اور کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس کے حصول کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پاکستان کی معیشت کے بہتر ہوتے بنیادی اصولوں پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کا بیرونی پورٹ فولیو بخوبی منظم ہے اور جون کے آخر تک زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جو آنے والی ادارہ جاتی اور تجارتی مالیات، مستحکم ترسیلات زر اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی بدولت ممکن ہوگا، یہ تمام عوامل بیرونی اکاؤنٹ پردباؤ کو کم کرنے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیرخزانہ نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ورلڈ بینک/آئی ایم ایف کی بہار میٹنگز سے حاصل کردہ تجربات بھی شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میٹنگز سے جو تاثرات ملے، وہ مسلسل پاکستان کی اسٹرکچرل اصلاحات اور گزشتہ 14 ماہ میں حاصل ہونے والی میکرو اکنامک استحکام کی تعریف اور حمایت پر مبنی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے موجودہ راستے پر قائم رہے اور اصلاحات کے عمل کو مزید گہرا کرے۔


Comments
Comments are closed.