ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے مرکزی انتخابات کے خلاف پی ایس ایم اے خیبرپختونخوا کی شکایت پر عبوری حکم جاری کر دیا ہے، جس کے تحت موجودہ مرکزی باڈی کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
ڈی جی ٹی او بلال خان پاشا کی دستخط شدہ حکم نامے کے مطابق، شکایت گزار رضوان اللہ خان (چیئرمین، خیبرپختونخوا ریجن اور پی ایس ایم اے کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن) نے 18 اپریل 2025 کو ایک پٹیشن دائر کی، جس میں 24-2022 کی ریٹائرڈ ایگزیکٹو کمیٹی کے تحت ہونے والے انتخابات کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا۔ شکایت میں عاصم غنی عثمان سمیت 11 دیگر افراد کو فریق بنایا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شکایت اور سماعت کا نوٹس (29 اپریل 2025 کو دوپہر 2 بجے) بذریعہ کوریئر اور ای میل 23 اپریل 2025 کو بھیجا گیا، جس کی ترسیل کی تصدیقات بھی فائل پر موجود ہیں۔
29 اپریل کو سماعت میں شکایت گزار اور ان کے وکیل پیش ہوئے، جبکہ فریق مخالف یا ان کا کوئی نمائندہ نہ آیا اور نہ ہی کوئی تحریری جواب موصول ہوا۔
سماعت مکمل ہونے کے بعد، دفتر کو 26 اپریل 2025 کو لکھا گیا ایک خط موصول ہوا جو تیمور اسلم خان، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے فریق مخالف کی جانب سے بھیجا تھا۔ اس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت اپیل کا حوالہ دے کر کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔
ڈی جی ٹی او نے اپنے حکم میں کہا کہ یہ خط اس بات کی وضاحت نہیں کرتا کہ فریق مخالف نے 29 اپریل کی سماعت میں پیشی کیوں نہیں دی، حالانکہ انہیں باقاعدہ نوٹس موصول ہو چکا تھا۔ مزید کہا گیا کہ شکایت گزار نے فوری نوعیت اور ممکنہ ناقابل تلافی نقصان کو ابتدائی طور پر ثابت کیا ہے، کیونکہ فریق مخالف ایک ایسے انتخاب کی بنیاد پر پی ایس ایم اے کے عہدوں پر کام کر رہے ہیں جسے شکایت میں غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
ڈی جی ٹی او نے کہا کہ فریق مخالف کا جواب نہ دینا اور سماعت میں غیر حاضری ضابطہ جاتی شفافیت اور ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 اور اس کے رولز کے تحت قانونی ذمہ داریوں کی عدم تعمیل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
حکم میں کہا گیا کہ اگر اس معاملے کا فیصلہ ہونے سے قبل فریق مخالف کو کام جاری رکھنے دیا گیا تو اس سے ناقابل تلافی نقصان، تیسرے فریق کے مسائل اور ممکنہ ریلیف کے حصول میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 20 جنوری 2025 کے عبوری حکم میں صرف یہ کہا گیا ہے کہ ”چیلنج شدہ حکم کے تحت ہونے والا کوئی بھی انتخاب زیر سماعت اپیل کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا“۔ اس میں پی ایس ایم اے کے کام کرنے پر پابندی نہیں لگائی گئی اور نہ ہی ڈی جی ٹی او کو ٹی او اے 2013 کے سیکشن 14 کے تحت اختیار استعمال کرنے سے روکا گیا ہے۔
لہٰذا، سماعت کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی درخواست بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دی گئی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.