وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جلد صنعتی پالیسی متعارف کرائے گی۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہارون اختر نے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (ریمٹ) کے اجلاس میں شرکت کی جس میں پاکستان کی آنے والی صنعتی پالیسی کے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے صنعتی پالیسی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسی صنعتی پالیسی متعارف کرانے والے ہیں جو صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صنعتی پالیسی صنعت کاروں کو با اختیار بنائے گی اور پاکستان کی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی جس سے زیادہ مسابقتی صنعتی منظر نامہ ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک جامع صنعتی پالیسی مرتب کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔
ہارون اختر نے کہا کہ ہماری صنعتی پالیسی برآمد پر مبنی ہوگی جس میں پاکستانی صنعتوں کی عالمی مسابقت کو یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔


Comments
Comments are closed.