نوشکی میں پیر کے روز ایک مصروف ٹرمینل کے قریب پٹرول سے بھرے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ اسے بجھانے کی کوششوں کے دوران خوفناک دھماکے کے ساتھ ٹینکر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ بات آج نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔
ٹرمینل پر کھڑے ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں دھماکے سے قبل بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔
زخمیوں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے مقامی اسپتال بھرگئے اور ہنگامی حالت نافذ کردی گئی تاکہ متاثرین کیلئے بہتر انتظامات کئے جاسکیں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور شدید زخمیوں کو کوئٹہ کے خصوصی برن یونٹس میں منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب آئل ٹینکر ٹرمینل پر کھڑا تھا، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔
حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے لیکن ساتھ ہی متنبہ کیا کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں جلنے والے مواد کے قریب تماشائیوں کے جمع ہونے سے سانحہ مزید سنگین ہو گیا۔


Comments
Comments are closed.