سندھ طاس معاہدے کی معطلی جنگ کے مترادف ہے، ترجمان دفترخارجہ
دفتر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگ کے مترادف قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بھارت پاکستان میں پانی کی فراہمی روکنے کی کوشش کرتا ہے تو جواب دینے کے لیے تمام آپشنز دستیاب ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ انڈس واٹرز معاہدہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایسی کسی بھی حرکت کے لیے متعلقہ قوانین یا ضوابط کی عدم موجودگی میں بھارت کا 1960 کے معاہدے کو معطل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے۔ بھارت کو ایسی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے جس میں پاکستان کو ردعمل میں انتہائی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا آئی ڈبلیو ٹی پر موقف صاف اور واضح ہے، ہم اس کے عمل کو قریب سے مانیٹر کرینگے ۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارت نے سفارتی ذرائع سے پاکستان کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے، ہم اسے قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ڈبلیو ٹی کے تحت چلنے والا آبی نظام 240 ملین پاکستانیوں کی بقا اور روزگار کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پانی کی فراہمی روکنے یا اس میں خلل ڈالنے کی کوئی بھی کوشش جنگ کے مترادف سمجھی جائے گی۔ اس حوالے سے جو فیصلے کیے گئے ہیں وہ فوری طور پر عمل میں لائے جائیں گے۔ پاکستان اپنے مفادات کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ نئی پالیسی کی تشکیل تک کرتارپور راہداری عارضی طور پر معطل رہے گی۔ دوطرفہ معاہدے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے موجود ہیں اور ان کا احترام کیا جانا چاہئے۔
افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسے دشمن نہیں سمجھتا۔ افغانستان ایک ہمسایہ اور دوست ملک ہے۔ یہ بیانیہ بے بنیاد اور غلط ہے کہ پاکستان اپنے دشمنوں کی فہرست میں اضافہ کررہا ہے۔
شفقت علی خان نے وضاحت کی کہ پاکستان بھارت کے بارے میں اپنے موقف پر معذرت خواہ نہیں ہے۔ ہم اپنے دوست ممالک کو مسلسل آگاہ کرتے رہتے ہیں کہ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اب عالمی تشویش بن چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جس طرح کی جنونی اور محاذ آرائی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے وہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی ثالثی کی کسی بھی پیشکش کا جائزہ لے گا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے تاہم پہلگام میں ہونے والے واقعے پر سوال اٹھایا کہ جب مقبوضہ کشمیر میں اس وقت 800,000 سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں، تو ایسا واقعہ کیسے پیش آیا؟ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی فوج کی اس بڑی تعداد اور اس کے ذریعے دبانے کی کوششوں کے پیچھے کی وجوہات کو سمجھنے کے لیے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔
پاکستان نے فوری طور پر تمام بھارتی ملکیتی یا بھارتی آپریٹڈ ایئرلائنز کے لیے اپنے فضائی حدود کو بند کر دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ تمام تجارتی سرگرمیاں، بشمول پاکستان کے ذریعے کسی تیسرے ملک کو یا وہاں سے آنے والی تجارت، فوراً معطل کردی گئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قوم امن کے لیے پرعزم ہے لیکن کسی کو بھی اپنی خودمختاری، سلامتی، وقار اور ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گی۔
پاکستان نے بھارت کے بے دھڑک اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر نوٹ لیتے ہوئے، جو بین الاقوامی معاہدوں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی ذمہ داریوں کو اپنی مرضی سے نظرانداز کرتا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تمام دوطرفہ معاہدوں بشمول شملہ معاہدے کو معطل رکھے گا، جب تک بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت، سرحد پار قتل و غارتگری، اور کشمیر پر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی عدم پیروی سے باز نہیں آتا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.