نہری تنازع: مظاہرین احتجاج ختم کرکے سڑکیں کھول دیں، وزیراعلیٰ سندھ
- حکومت کی جانب سے کینال منصوبہ روکنے کے بعد احتجاج کا جواز کیا ہے؟ مراد علی شاہ کا سوال
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے نئے نہری منصوبے روکنے کے اعلان کے بعد سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز مظاہرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا احتجاج ختم کریں اور بند کی گئیں سڑکیں کھول دیں۔ یہ بات وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا یہ بیان وزیر اعظم شہباز شریف کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے جمعرات کو کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے مشاورت کے بعد ”فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام زیر التوا آبی تنازعات کے حل تک کوئی نیا نہری منصوبہ تعمیر نہیں کیا جائے گا“۔ یہ فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے ذریعے معاملات طے ہونے تک مؤخر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ اعلان پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نہری منصوبوں پر صوبوں کی باہمی رضا مندی کے بغیر کسی قسم کا یکطرفہ فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان میں معاشی سرگرمیاں معطل رہیں کیونکہ سندھ میں نیشنل ہائی وے کی ایک ہفتے سے جاری بندش نے تجارتی ٹرانسپورٹ کو مفلوج کر دیا اور ملک بھر میں سپلائی چین کو متاثر کیا۔
نیشنل ہائی وے کی بندش وکلاء تنظیموں کی قیادت میں وسیع پیمانے پر احتجاج کے باعث ہوئی، جنہیں قوم پرست گروہوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی حمایت حاصل تھی۔ احتجاج کی بنیادی وجہ وفاقی حکومت کے دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں تعمیر کرنے کے متنازعہ منصوبے کی مخالفت تھی۔
تجارتی اداروں، جن میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی)، یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) شامل ہیں، نے حکومت سے فوری مداخلت اور معاشی معمولات کی بحالی کے لیے اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نشاندہی کی کہ نہری منصوبے کے حوالے سے احتجاج کرنے والے دو گروہ ہیں:
ان کا کہنا تھا کہ ”ایک گروہ وہ ہے جو واقعی اس منصوبے کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ صوبے کے مفادات کے خلاف ہے، اور دوسرا گروہ وہ ہے جو محض سیاسی مفاد کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مینڈیٹ پر حملہ کرتے ہوئے سڑکیں بند کر کے روزمرہ زندگی میں خلل ڈال رہا ہے۔“
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کینال منصوبے پر عملی طور پر کوئی کام شروع نہیں ہوا، صرف ایک ماڈل تیار کیا گیا تھا تاکہ سرمایہ کاری کو متوجہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ”اس منصوبے کو ابھی تک کسی بااختیار فورم سے منظوری نہیں ملی،“ انہوں نے تصدیق کی۔ ”ہم نے اسے مشترکہ مفادات کونسل اور قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) میں چیلنج کیا ہے۔ میں نے یہ معاملہ اسمبلی کے فلور پر بھی واضح انداز میں اٹھایا ہے۔“
چولستان کینال منصوبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 17 جنوری 2024 کو پنجاب کی نگران حکومت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) سے پانی کی دستیابی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی درخواست کی، جو کہ سندھ کی مخالفت کے باوجود ارسا نے جاری کر دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے جون 2024 میں اس فیصلے کو چیلنج کیا،“ وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی اور مزید کہا کہ اگر کوئی صوبہ ارسا کے فیصلے کی مخالفت کرے تو اسے یہ حق حاصل ہے کہ وہ اسے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں چیلنج کرے۔ ”اگر سی سی آئی سرٹیفکیٹ کو واپس لینے کا فیصلہ کرے تو منصوبہ خود بخود کالعدم ہو جاتا ہے۔“
8 جولائی 2024 کو صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ اس اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے صرف وزیر داخلہ شریک ہوئے، جبکہ وزارت آبی وسائل، ارسا یا دیگر متعلقہ حکام میں سے کوئی موجود نہیں تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “صدر کو ترقیاتی منصوبے منظور کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ اگرچہ ایک ٹویٹ کے ذریعے منصوبے کی منظوری کا اعلان کیا گیا، لیکن اس کے بعد اس حوالے سے کوئی باضابطہ رابطہ سامنے نہیں آیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم نے اس منصوبے کو چیلنج کیا تو اس پر مزید کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی تھی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا۔ اگر سی سی آئی اس منصوبے کے حق میں فیصلہ دیتا تو پھر اسے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاتا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ جب نگران حکومت نے یہ منصوبہ شروع کیا تو پیپلز پارٹی اقتدار میں نہیں تھی۔ جو لوگ نہر کی تعمیر دیکھنا چاہتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اقتدار سے باہر ہو جائے تاکہ وہ اسے آگے بڑھا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج قابل قبول ہے لیکن عوامی خلل نہیں ۔
انہوں نے اسلام آباد میں رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، احد چیمہ اور اٹارنی جنرل کے ساتھ حالیہ ملاقات کا حوالہ دیا، جس کے دوران سندھ کے وفد نے ”وفاقی حکام کو کامیابی کے ساتھ قائل کیا کہ یہ منصوبہ ناقابل عمل ہے“۔
اس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ میڈیا ٹاک کی جس میں انہوں نے منصوبے کی منسوخی کا باضابطہ اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے 2 مئی 2025 کو سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں پانی کی عدم دستیابی کا معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔
بین الصوبائی اتفاق رائے کے بغیر کوئی نہری منصوبہ شروع نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) آٹھ اراکین پر مشتمل ہے، جن میں سے پانچ کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے جبکہ دو ارکان — سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ — پاکستان پیپلز پارٹی سے ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اکثریت اس منصوبے کو روکنے کے حق میں ہے۔
”یہ معاملہ باضابطہ طور پر دوبارہ سی سی آئی کو بھیجا جائے گا،“ انہوں نے کہا، اور ان ناقدین کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزیر اعظم کے دستخط سے کسی نوٹیفکیشن کے اجرا کی کوئی نظیر نہیں ملتی، اس لیے اعلان کی سرکاری حیثیت پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔
مراد علی شاہ نے اس پیش رفت کو ”ون-ون“ صورتحال قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی مقاصد کے لیے نہیں، بلکہ قومی اتحاد اور جمہوری اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔ ”عوام کی آواز سنی گئی ہے اور اس کا احترام کیا گیا ہے۔“
منصوبے کی منسوخی کے باوجود، سکھر میں ایک بڑی عوامی ریلی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ اس فیصلے کا جشن منایا جا سکے، جس میں پورے ڈویژن سے شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ نئے نہری منصوبے کو ختم کرنے کا حتمی فیصلہ آئندہ مئی میں ہونے والے سی سی آئی اجلاس میں باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سندھ ایسے فیصلوں کی حمایت نہیں کرے گا جن سے ایک صوبے کو دوسرے صوبے کو فائدہ ہو۔ اگرچہ پنجاب کو فوائد نظر آسکتے ہیں لیکن سندھ جیسے نچلے دریائی صوبوں کو نقصان ہوگا اور ہم اس طرح کے اقدامات کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے مظاہرین سے سڑکیں خالی کرنے اور حالات معمول پر لانے کی اپیل کرتے ہوئے جاری مظاہروں کے پیچھے موجود سیاسی محرکات پرسوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاندانہ اقدامات کے پیش نظر ہمیں تقسیم کی سیاست میں پڑنے کے بجائے متحد ہونا چاہئے۔


Comments
Comments are closed.