ایگا ٹیکس نمائش کا آغاز، 450 سے زائد کمپنیاں شریک
جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مشینری نمائشوں میں سے ایک ایگا ٹیکس پاکستان کے 23 ویں ایڈیشن کا آغاز کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگیا ہے۔
فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام تین روزہ ایونٹ میں 30 سے زائد ممالک کی 450 سے زائد کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جو ٹیکسٹائل شعبے میں جدت طرازی، تجارتی تعاون اور تکنیکی تبادلے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم پیش کرتی ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے نمائش کا افتتاح کیا اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے کو جدید بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نمائش سے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔ معیار اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے جو ہماری برآمدات کو بڑھانے کی کلید ہے۔
سعید غنی نے ایگاٹیکس کی دیرینہ وراثت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ یہ ایونٹ 23 سال سے منعقد ہورہا ہے اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ 700 غیر ملکی مندوبین اور 450 سے زائد بین الاقوامی اور مقامی کمپنیوں کے ساتھ ایگاٹیکس ہماری ٹیکسٹائل صنعت کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ اس میں دنیا بھر سے لوگ اور کمپنیاں حصہ لیتی ہیں۔ اس سے ہمیں نئی چیزیں سیکھنے کو ملتی ہیں اور پاکستان کی پہچان دنیا میں بہتر ہوتی ہے۔
فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہا کہ ایونٹ ٹیکسائل انڈسٹری کے لئے ایک سنگ میل ہے۔ اسمارٹ مینوفیکچرنگ، آٹومیشن اور پائیداری پر اس سال کی توجہ صرف عالمی رجحانات کا ردعمل نہیں ہے بلکہ یہ ہماری صنعت کے مستقبل کو نئی شکل دینے کی طرف ایک قدم ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.