”اتفاق رائے کے بغیر نئی نہر تعمیر نہیں ہوگی“، وزیر اعظم نے سی سی آئی کا اجلاس طلب کرلیا
- نہری منصوبوں پر ڈیڈ لاک آئینی فورم کے ذریعے حل کیا جائے گا، رہنماؤں کا سندھ طاس معاہدہ معطل ہونے پر بھارت کیخلاف یکساں مؤقف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ جب تک پانی کے زیر التوا تنازعات مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے ذریعے حل نہیں ہو جاتے اس وقت تک کوئی نئی نہر تعمیر نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ صوبائی اتفاق رائے کے بغیر نہری منصوبوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ان معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پانی کی تقسیم کی پالیسیوں میں مبینہ عدم توازن کے بارے میں مظاہرین کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ایک ضروری قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اعلانات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ معاہدے کے بغیر نہریں تعمیر نہیں کی جائیں گی، ان فیصلوں کی باضابطہ توثیق سی سی آئی کے آئندہ اجلاس میں کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے حالیہ اقدامات کی بھی مذمت کی اور نئی دہلی کے اقدامات کو ہر فورم پر چیلنج کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی خلاف ورزیوں کی مخالفت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوت سے جواب دیں گے۔
قبل ازیں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ کو یقین دلایا کہ نہروں کا مسئلہ سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آئین اور قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔
انہوں نے پانی کی تقسیم کے تنازعے پر مصالحتی نقطہ نظر کا اشارہ دیتے ہوئے زور دے کر کہاکہ کسی بھی قسم کی نا انصافی نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ بات چیت کریں اور پانی کے بڑھتے ہوئے تنازع اور نہروں کے مسئلے کو حل کریں۔


Comments
Comments are closed.