دفتر خارجہ نے جمعرات کو بھارت کے ناظم الامور کو طلب کیا ہے اور انہیں قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اجلاس کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں سے آگاہ کردیا۔
بھارتی ہائی کمیشن کو بتایا گیا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات دفاعی، فضائی اور بحری اتاشیوں کو ناپسندیدہ شخص قرار دیتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں، بھارتی سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیے گئے اور تحریری طور پر بھارتی حکام کو پہنچا دیے گئے۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے اور اسلام آباد نے حالیہ پیشرفت کے بعد مضبوط سفارتی مؤقف اختیار کیا ہے۔
قبل ازیں قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی حکومت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے پانی کے بہاؤ کو روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کو ”اعلان جنگ“ تصور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کےمطابق کمیٹی نے واضح انداز میں کہاہے کہ پاکستان پانی روکنے کے عمل کا مکمل قومی طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے اس اہم معاملے پر درج ذیل تبصرے کیے ہیں۔
کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک حل طلب تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے ذریعے تسلیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھتا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق بھارتی ریاستی جبر، مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ، سیاسی اور آبادیاتی چالاکیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے فطری ردعمل کا باعث ہیں اور بھارتی نا انصافیاں ایسے واقعات کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف منظم ظلم و ستم انتہا کی حدتک پہنچ چکا ہے، وقف بل کو زبردستی منظور کرانے کی کوشش کا مقصد بھارتی مسلمانوں کو پسماندہ کرنے کے مترادف ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ ایسے افسوسناک واقعات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنی ناکامی کی پوری ذمہ داری قبول کرے۔
کشیدگی بڑھنے کے پیش نظر پاکستان نے واہگہ بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بھارت کے ساتھ تیسرے ملک کے راستے سمیت ہر قسم کی تجارت معطل کردی ہے۔
پاکستان نے سارک ویزا اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کو جاری کیے گئے تمام ویزے بھی معطل اور فوری طور پر منسوخ تصور کیے ہیں۔


Comments
Comments are closed.