بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز کے حملے کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور دیگر اعلانات کے ردعمل میں جمعرات کی صبح قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اس اعلان کی تصدیق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی — جو کہ پاکستان کا اعلیٰ ترین فورم ہے جو سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق امور پر فیصلے کرتا ہے — سرکاری ردعمل تیار کرنے کے لیے اجلاس کرے گی۔ این ایس سی میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور اہم کابینہ ارکان شامل ہوتے ہیں۔
اس سے قبل بھارت کے اعلیٰ سفارت کار وکرم مسری نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ اٹاری واہگہ بارڈر پر بارڈر کراسنگ کو فوری طور پر بند کردیا جائے گا۔
وکرم مسری نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ”1960 کا سندھ طاس معاہدہ اس وقت تک ملتوی کر دیا جائے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت سے دستبردار نہیں ہو جاتا“، انہوں نے منگل کے حملے کے لئے مبینہ طورپر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا جس میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں سیاحوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے تھے۔
مسری نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں دفاعی مشیروں کو ناپسندیدہ شخص قرار دے دیا گیا ہے اور انہیں ملک چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کی مجموعی تعداد 55 سے کم ہو کر 30 ہو جائے گی۔
مسری نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مرکزی سرحدی کراسنگ چیک پوسٹ کو فوری طور پر بند کردیا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کو خصوصی ویزا کے تحت بھارت کا سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پاکستان نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اسے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک حملے میں سیاحوں کی جانوں کے ضیاع پر تشویش ہے۔


Comments
Comments are closed.