پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا عزم
- مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کریں
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے پیر کے روز تجارت، سرمایہ کاری اور ہوابازی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ عزم اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
شیخ عبداللہ اتوار کی شام دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جس کی تصدیق دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کی تھی۔
دفتر خارجہ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دورے میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تیزی سے ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام ان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے“۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، اور ہم دونوں ممالک کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
قبل ازیں دونوں رہنماؤں نے ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر امور سے متعلق مشترکہ کمیٹی کے قیام کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔
اس کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے فیڈریشن آف یو اے ای چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان یو اے ای-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کے لیے دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کا بھی مشاہدہ کیا۔


Comments
Comments are closed.