’دہشت گردی کے مترادف‘: کے ایف سی اور دیگر غیر ملکی اداروں پر حملوں کے بعد حکومت کا سخت انتباہ
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کے ایف سی سمیت بین الاقوامی فوڈ چینز پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ”سرمایہ کاروں پر حملوں میں ملوث افراد کے ساتھ دہشت گردوں کی طرح ہی نمٹا جائے گا“۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک اس طرح کے پرتشدد واقعات جاری رہیں گے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ناممکن رہے گا۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ پاکستان بھر میں کے ایف سی کی شاخوں سمیت عالمی فوڈ چینز کی 20 سے زائد شاخوں پر توڑ پھوڑ کی گئی۔
انہوں نے شیخوپورہ واقعے کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیا جس میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی تھی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور وزارت داخلہ نے تمام صوبوں کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ عالمی فوڈ چینز نے پاکستان میں 100 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے اور اپنے ٹیکس مکمل طور پر ادا کرتے ہیں ، لیکن بہت سے مقامی ہوٹل اور ریستوران ٹیکسوں سے بچ رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ سی پیک ہو یا کان کنی اور معدنیات کا شعبہ، غیر ملکی سرمایہ کار ہماری معیشت کے تاج زیور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سی پیک میں سرمایہ کاری قومی فخر کا باعث ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ پاکستان فلسطین میں سنگین ناانصافیوں کا اعتراف کرتا ہے لیکن یکجہتی کے بہانے سرمایہ کاروں پر حملے قابل مذمت اور بلاجواز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
فواد چوہدری نے مزید وضاحت کی کہ عوامی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے مذہبی احکامات (فتوے) میڈیا کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔


Comments
Comments are closed.