نیپرا بیگاس پاور پلانٹس کی فیول کاسٹ میں 60 فیصد اضافے کی منظوری دیگا
- نرخ موجودہ 5.9822 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 9.8719 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) بیگاس سے چلنے والےانڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے فیول کاسٹ کمپوننٹ (ایف سی سی) میں تقریباً 60 فیصد اضافے کی منظوری دینے جا رہی ہے، جس کے بعد یہ نرخ موجودہ 5.9822 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 9.8719 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے-جی) کے مطابق روپے کی 30 فیصد قدر میں کمی کا بوجھ صارفین کو برداشت کرنا پڑے گا، جبکہ باقی 70 فیصد کمی بیگاس سے چلنے والے Iآئی پی پیز کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔
یہ انکشاف سی پی پی اے-جی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریحان اختر نے نو بیگاس پر مبنی آئی پی پیز کی نظرثانی شدہ ٹیرف درخواستوں پر ہونے والی عوامی سماعت کے دوران کیا۔ ان نئے معاہدوں سے منصوبوں کی مجموعی مدت کے دوران 23 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے۔
سی پی پی اے-جی اور نو بیگاس آئی پی پیز نے مشترکہ طور پر ٹیرف میں ترمیم کی درخواستیں دائر کیں۔ ان آئی پی پیز میں شامل ہیں:
(i) چنیوٹ پاور لمیٹڈ؛
(ii) جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز لمیٹڈ (یونٹ II)؛
(iii) جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز (یونٹ III)؛
(iv) الموئز انڈسٹریز لمیٹڈ؛
(v) چنار انرجی لمیٹڈ؛
(vi) تھل انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ؛
(vii) حمزہ شوگر ملز لمیٹڈ؛
(viii) آر وائے کے ملز لمیٹڈ؛ اور
(ix) شاہتاج شوگر ملز لمیٹڈ۔
سماعت میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق، سی پی پی اے-جی اور آئی پی پیز اس بات پر متفق ہیں کہ نظرثانی شدہ ایف سی سی کا اطلاق یکم اکتوبر 2021 سے درج ذیل شرائط کے ساتھ ہوگا:
(i) یکم اکتوبر 2021 کو 4,500 روپے فی ٹن کی بنیاد پر اور اس کے بعد ہر سال 5 فیصد انڈیکسیشن؛
(ii) ایف سی سی کا حساب 7000 بی ٹی یو / کلوگرام کیلورفک ویلیو کے مطابق ہوگا۔
نظرثانی شدہ معاہدوں کی دیگر شرائط درج ذیل ہیں:
(i) تمام آئی پی پیز کے لیے ورکنگ کیپیٹل کمپوننٹ (ڈبلیو سی سی) میں 50 فیصد کمی (سوائے شاہتاج کے جس کے ٹیرف میں یہ شامل نہیں)؛
(ii) آر او ای اور آر او ای ڈی سی کمپوننٹس کو 168 روپے فی ڈالر پر فکس کرنا اور آئندہ کسی امریکی ڈالر انڈیکسیشن کی اجازت نہ دینا؛
(iii) مقامی او اینڈ ایم پر انڈیکسیشن کی حد پانچ فیصد سالانہ یا گزشتہ 12 ماہ کی اوسط نیشنل کنزیومر پرائس انڈیکس (جو بھی کم ہو)؛
(iv) غیر ملکی او اینڈ ایم کی پاکستانی روپے/ امریکی ڈالر قدر میں کمی کا صرف 70 فیصد حصہ قابل قبول ہوگا، جبکہ اگر پی کے آر کی قدر بڑھے تو اس کا 100 فیصد فائدہ صارفین کو منتقل ہوگا؛
(v) آئی پی پیز بلک پاور کنزیومرز (بی پی سیز) کو بجلی فروخت کر سکتے ہیں بشرطیکہ جنرل لائسنس (جی ایل) اور انرجی پرچیز ایگریمنٹ (ای پی اے) میں ترمیم ہو اور سی پی پی اے-جی کو فی یونٹ معاوضہ ادا کیا جائے؛
(vi) چنیوٹ پاور لمیٹڈ کے لیے آپریشن کے دوران انشورنس کی حد ای پی سی لاگت کا 0.7 فیصد ہوگی؛
(vii) چنیوٹ پاور کے لیے ریفرنس او اینڈ ایم کمپوننٹ میں 10 فیصد کمی؛
(viii) نیٹ اینول پلانٹ فیکٹر سے زائد بجلی کی پیداوار پر شیئرنگ میکانزم میں ترمیم (سوائے شاہتاج کے)۔
سی پی پی اے-جی کے مطابق،
(i) ایف سی سی میں 2.6069 روپے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے، جو 12.4788 روپے سے کم ہو کر 9.8719 روپے فی یونٹ ہو گیا ہے؛
(ii) ورکنگ کیپیٹل 0.3338 روپے سے کم ہو کر 0.1669 روپے فی یونٹ؛
(iii) آر او ای میں 0.3014 روپے فی یونٹ کی کمی، یعنی 2.0122 روپے سے کم ہو کر 1.7108 روپے فی یونٹ۔
تاہم، ویری ایبل او اینڈ ایم (ایل) 0.2835 روپے، فکسڈ او ایںڈ ایم (ایل) 1.1147 روپے، اور انشورنس 0.1543 روپے فی یونٹ پر برقرار رہیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مجموعی ٹیرف میں 3.0752 روپے کی کمی کے بعد یہ 17.1341 روپے سے کم ہو کر 14.0589 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔
سماعت کے دوران، ایک مداخلت کار عارف بلوانی نے کہا کہ پاکستان میں کرنسی کی قدر میں اضافہ بہت کم اور کمی اکثر ہوتی ہے، جس کا 30 فیصد تک بوجھ صارفین پر پڑتا ہے۔
ایک اور مداخلت کار، عامر شیخ کا کہنا تھا کہ اس وقت صارفین بیگاس آئی پی پیز کی بجلی کے لیے تقریباً 6 روپے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں، جبکہ ان کا موجودہ ٹیرف 14 روپے ہے جو کم ہو کر 10 روپے ہوگا، لیکن اس سے ٹیرف میں مزید اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”نیپرا نے بیگاس آئی پی پیز سے بجلی خریدنے کی قیمت 14 روپے فی یونٹ کر دی ہے، جس میں فیول کاسٹ تقریباً 10 روپے ہے۔ ماضی میں کہا جاتا رہا ہے کہ بیگاس سے بجلی کی لاگت آدھی ہوتی ہے، تو ہم حیران ہیں کہ 14 روپے کا حساب کس بنیاد پر لگایا گیا۔ چونکہ یہ تبدیلی ماضی سے نافذ کی جا رہی ہے، اس لیے واجبات کی بڑی رقم بنے گی جس کا بوجھ صارفین پر ڈالا جائے گا۔“
تاہم، نیپرا کے چیئرمین چوہدری وسیم مختار نے کہا کہ 25-2024 کی تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے کیو ٹی اے میں ٹیرف میں مزید 1 روپے فی یونٹ کمی کی جا رہی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.