عالمی بینک نے پاکستان کے آر اے ایم منصوبے کیلئے 102 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دیدی
- وزارت خزانہ اسٹیٹ بینک کے ذریعے منصوبے پر عملدرآمد کرے گی
عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بدھ کے روز پاکستان کے لیے ”ریزیلینٹ اینڈ ایکسیسبل مائیکروفنانس (آر اے ایم) پروجیکٹ“ کے لیے 10 کروڑ 2 لاکھ ڈالر(102ملین ڈالر) کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد مائیکرو کریڈٹ تک رسائی کو بڑھانا اور مائیکروفنانس کے شعبے اور اس کے قرض داروں کو خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑے خطرات کے خلاف مضبوط بنانا ہے۔
یہ منصوبہ وزارت خزانہ کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تحت نافذ کیا جائے گا۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس شعبے کی حمایت کے لیے ایک وسیع تر حکمت عملی کا پہلا مرحلہ ہوگا، جسے دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی شراکت داری میں مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔
عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر، ناجی بین حسین نے کہا کہ مائیکروفنانس پاکستان میں غریب افراد کے معاشی وسائل کو مستحکم بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ یہ منصوبہ مائیکروفنانس سیکٹر کی پائیداری کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا، خاص طور پر موسمیاتی خطرات کے تناظر میں، تاکہ یہ شعبہ ان لوگوں کو ضروری مالی خدمات فراہم کرتا رہے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں، بالخصوص دیہی علاقوں میں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں مالی شمولیت کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت بڑھانے کے ہمارے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا حصہ ہے۔
عالمی بینک کے مطابق، آر اے ایم پروجیکٹ سے تقریباً 18 لاکھ 90 ہزار افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جن میں 10 لاکھ سے زائد خواتین اور 3 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ نوجوان شامل ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو کم آمدنی والے دیہی علاقوں میں رہتے ہیں۔
عالمی بینک نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت افراد اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مائیکرو کریڈٹ تک رسائی میں اضافہ کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ ریکوری لون حاصل کر سکیں گے تاکہ وہ اپنی مالی استحکام بحال کر سکیں۔
منصوبے کی قیادت کرنے والے عالمی بینک کے نمائندے ناموس ظہیر نے کہا، ریزیلینٹ اینڈ ایکسیسبل مائیکروفنانس پروجیکٹ 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے تجربات کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے اور پاکستان میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ”یہ منصوبہ اقتصادی طور پر کمزور افراد، خاص طور پر خواتین، چھوٹے کسانوں اور دیہی علاقوں میں بسنے والے خاندانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں مدد دے گا، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔“
منصوبے کے کلیدی عناصر میں ایک کلائمٹ رسک فنڈ کا قیام، زرعی ٹیکنالوجی کے جدید حل کا استعمال، مائیکروفنانس اداروں کی استعداد کار میں اضافہ، اور مالیاتی شعبے کی پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے رسک مینجمنٹ فریم ورک کی تشکیل شامل ہے۔
یہ منصوبہ گلوبل شیلڈ فنانسنگ فیسلٹی کے ذریعے 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے اضافی مالی تعاون سے بھی فائدہ اٹھائے گا، جو کہ عالمی بینک گروپ کے تحت ایک ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ ہے اور اسے کینیڈا، جرمنی، جاپان، لکسمبرگ اور برطانیہ کی حکومتوں کی مالی مدد حاصل ہے۔


Comments
Comments are closed.