نوشکی دھماکے میں تین اہلکار اور دو شہری شہید
- نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے حملے کی ابتدائی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، سرکاری ذرائع ابلاغ
کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے اتوار کے روز نوشکی-دالبندین شاہراہ پر ایف سی کے قافلے پر اس وقت حملہ کیا جب وہ نوشکی سے تفتان جا رہا تھا۔
دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔
اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کو لے جانے والی بس کے قریب دھماکہ کیا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں ایک خودکش بمبار کے علاوہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
حملے میں ایف سی کے تین اہلکار اور دو شہری بھی شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں حوالدار منظور علی (عمر 38 سال، ضلع نواب شاہ کا رہائشی)، حوالدار علی بلاول (عمر: 39 سال، ضلع نصیر آباد کا رہائشی)، نائیک عبدالرحیم (عمر: 34 سال، ضلع بدین کا رہائشی)، سویلین ڈرائیور جلال الدین (ضلع کوئٹہ کا رہائشی) اور سویلین ڈرائیور محمد نعیم (ضلع خاران کا رہائشی) شامل ہیں۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا جس میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
زخمیوں میں عام شہری اور سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک اور دھماکا قلعہ سیف اللہ میں لیویز لائن کے مین گیٹ پر پیش آیا۔
دھماکے سے گیٹ کو کافی نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور حملے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں ہونے والے دو دھماکوں پر گہرے دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعہ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے مجرموں کو ریاست کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے دشمن ہمارے پیارے وطن کو غیر مستحکم کرنے کی گھناؤنی سازش میں مصروف ہیں۔
محسن ننقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم کمزور نہیں ہوگا۔ انہوں نے امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ اقدامات قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ہیں۔


Comments
Comments are closed.