وزیراعظم کی اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات، حکومت کی معاشی ترقی پر نظریں مرکوز
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے جمعے کے روز اہم کاروباری شخصیات کے وفد کی میزبانی کی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کاروباری برادری کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور سرمایہ کاری کی صورتحال کو آسان بنانے اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب نے مشکل وقت میں بھی ملک کی صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لئے اپنا سرمایہ اس ملک میں لگایا ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک کے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری آرہی ہے۔
تاہم اب ہمیں روزگار، پیداوار، برآمدات، زراعت اور صنعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری حالات کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری دوست ماحول پیدا کرنے کے لئے کاروباری برادری کی کوششوں کی حمایت کے لئے محرک کا کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے مشورے اور مفید آراء سے ملکی معیشت تمام شعبوں میں بہتری اور اصلاحات کا سفر جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چاول کی برآمدات 4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2005 میں چینی گرانٹ کی مدد سے چاول کی گریڈنگ لیبارٹری قائم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے ہر ہفتے میں دو بار الگ الگ سیکٹر کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا اجلاس شعبہ زراعت کے لئے ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشاورت کا مقصد ملکی معیشت کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک تعینات ٹریڈ افسران کو تجارت اور برآمدات کے فروغ کیلئے واضح اہداف فراہم کئے گئے ہیں۔
شرکاء نے ملک میں زراعت کی ترقی کے لئے معیاری بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل سیڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر بھی حکومت کی تعریف کی۔
شرکاء نے مختلف شعبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کرتے ہوئے حکومت کے گرین پاکستان انیشی ایٹو کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری شعبوں کے نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات اور مشاورت کریں۔
وفد میں گوہر اعجاز، سید یاور علی، عاطف شیخ، فواد مختار، شاہد حسین، ایس ایم تنویر، میاں احسن، سلیم غوری، شہزاد ملک، عثمان ملک، عاطف انعام اور شہزاد اصغر شامل تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، حنیف عباسی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔


Comments
Comments are closed.