آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی کے لیے متحد ہوجائیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے مثبت رجحانات کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ جاری چیلنجز کے باوجود گھبرانے کی ضرورت نہیں، اپوزیشن گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت کے خلاف کوئی کرپشن اسکینڈل پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے نئے ارکان کا خیرمقدم کیا اور تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے 40 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے 20 ارب روپے کے ”رمضان ریلیف پیکیج“ کا اعلان کیا۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اس اقدام کے تحت ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے 5,000 روپے تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور ریلیف پیکج اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
اقتصادی محاذ پر وزیر اعظم نے بروقت فیصلوں کو پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے روکنے کا سہرا دیا اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے میکرو اکنامک بہتری کو تسلیم کرنے پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کے حوالے سے خطاب کرتے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2018 میں نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کا خاتمہ کردیا گیا تھا لیکن کچھ قوتوں کی وجہ سے یہ دوبارہ سامنے آیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور معیشت کے استحکام میں آرمی چیف کے کردار کا اعتراف کیا۔
وزیراعظم نے فلسطین میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کے مطالبات کے باوجود امداد میں رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے اس مسئلے کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی اندرونی تنازعات کے بجائے اتحاد کی متقاضی ہے۔


Comments
Comments are closed.