خیبرپختونخوا کے علاقے نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکا، جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ اور مدرسہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق سمیت 7 افراد شہید اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا پہلی قطار میں اس وقت ہوا جب نمازی نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکل رہے تھے۔ اکوڑہ خٹک پشاور کے مشرق میں تقریبا 60 کلومیٹر (35 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔
زخمیوں کو نوشہرہ کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا ہدف مولانا حامد الحق حقانی تھے جو مرحوم مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے ہیں۔ مولانا سمیع الحق اس سے قبل راولپنڈی میں پراسرار طور پر قتل کیے جا چکے ہیں۔
دھماکے میں مولانا حامد شدید زخمی ہوئے۔ آئی جی پی نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ہنگامی طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر پولیس موجود ہے اور گردونواح میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ پولیس چیف نے مزید کہا کہ فرانزک اور تحقیقاتی ٹیمیں پہلے ہی جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں، ضلعی پولیس افسر بھی وہاں موجود تھے۔
مسجد مدرسے کے احاطے میں واقع ہے جہاں کے طلبہ اپنے تعلیمی سال کے آخری دن کی مناسبت سے رخصت پر جانے والے تھے۔
مسجد میں سیکیورٹی انتظامات میں متعدد پولیس اہلکار اور ایک پولیس موبائل وین شامل تھی جب کہ مدرسے کے کارکنان نے زائرین کی نگرانی کررہے تھے۔
اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق دھماکہ مسجد کے گیٹ کے قریب ہوا جہاں سے مولانا حامد اپنی رہائش گاہ لوٹ رہے تھے۔
چار لاشوں کو قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور جامع رپورٹ پیش کی جائے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے بھی خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں اور رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ امدادی کاموں میں مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے جے یو آئی (ف) کے ارکان سے بھی اپیل کی کہ وہ زخمیوں کے لیے خون کا عطیہ دیں۔
اے ایف پی کے مطابق: ایک اسلامی مدرسے، جو ”یونیورسٹی آف جہاد“ کے نام سے جانا جاتا ہے اور جہاں طالبان کے اہم رہنما تعلیم حاصل کرچکے ہیں میں خودکش حملے کے نتیجے میں جمعہ کو 7 افراد شہید ہوگئے۔
ضلعی پولیس چیف عبدالرشید نے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ جمعہ کی نماز کے بعد اس وقت ہوا جب لوگ حامد الحق سے ملاقات کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ بظاہر یہ ایک خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے۔
عبدالرشید نے کہا کہ دھماکے میں خودکش بمبار سمیت 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک افغان شہری بھی شامل ہے۔
عبدالرشید نے کہا کہ حامد الحق حقانی، جو ایک مقامی دائیں بازو کی اسلامی جماعت کے سربراہ ہیں، بظاہر حملہ آور کا ہدف تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کی۔
اکوڑہ خٹک کے وسیع و عریض کیمپس میں تقریبا چار ہزار طلباء رہتے ہیں جنہیں مفت میں کھانا کھلایا جاتا ہے، کپڑے پہنائے جاتے ہیں اور تعلیم دی جاتی ہے۔
کابل میں وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے کہا کہ حکومت اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس کا الزام شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ پر عائد کرتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.