سندھ حکومت نے صوبے میں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت پنک الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق یہ اعلان سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کیا۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خواتین کے لیے ایک ہزار پنک الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی خریداری اور شہر کے لیے ڈبل ڈیکر بسوں اور الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے حصول سمیت کئی اہم فیصلے کیے۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ اینڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ٹی اینڈ ایم ٹی ڈی) بہترین ٹرانسپورٹ کے ذریعے خواتین کی نقل و حرکت کو بڑھانے کے لیے ایک پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بیان کے مطابق خواتین کے لیے تقریبا ایک ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں متعارف کرائی جائیں گی جو بیلٹنگ کے شفاف عمل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے بجٹ کے علاوہ بھی 30 کروڑ روپے حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ کابینہ نے نوٹ کیا کہ دنیا بھر میں خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد روزانہ سفر کے لئے نقل و حمل کے بنیادی ذریعہ کے طور پر الیکٹرک موٹر سائیکلوں کا انتخاب کر رہی ہے۔
بیان کے مطابق اس طلب کو بڑھانے کی اہم وجوہات میں زیادہ نقل و حرکت، گاڑیوں یا عوامی نقل و حمل کے مقابلے میں قیمت کی افادیت، ماحولیاتی لحاظ سے فائدہ مند ہونا اور کم دیکھ بھال کا معاملہ شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ موٹر سائیکلیں خواتین کے لئے نقل و حرکت اور آزادی کو بڑھانے، معاشی بااختیاری کو فروغ دینے، صنفی دقیانوسی تصورات کو توڑنے اور حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) قیمت اور دیکھ بھال کے عوامل پر انحصار کرتے ہوئے ایک یا ایک سے زیادہ مینوفیکچررز سے مسابقتی بولی کے ذریعے ای وی موٹر سائیکلیں خریدے گی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق موٹرسائیکلوں کی تقسیم بیلٹںگ کے شفاف عمل کے ذریعے میڈیا کی موجودگی میں کی جائے گی جو اہلیت کے معیار سے مشروط ہوگی جس میں درخواست دہندہ کا سندھ کا مستقل رہائشی ہونا بھی شامل ہے۔ درخواست دہندہ کو طالب علم یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا چاہئے، درخواست گزار سات سال تک الیکٹرک موٹر سائیکل فروخت کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔
دریں اثنا کابینہ کو ایس ایم ٹی اے کی جانب سے کراچی کے لیے 50 پبلک ٹرانسپورٹ بسیں خریدنے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں 15 ڈبل ڈیکر بسیں اور 35 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ شارع فیصل پر 15 ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا ارادہ رکھتا ہے اور منصوبے کے لیے 3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کی منظوری دی ہے۔ بسیں شہر کے مختلف راستوں پر چلائی جائیں گی۔


Comments
Comments are closed.