ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق لیبیا میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں جمعرات کو پاکستان لائی گئیں۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ حکومت کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
ہوائی اڈے پر گفتگو کرتے ہوئے ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جاں بحق ہونے والے دیگر پاکستانیوں کی میتیں جلد وطن واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے سانحے میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جو اس وقت وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
دفتر خارجہ نے سمندری حادثے کے فوری بعد وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کیا تھا۔
کشتی میں سوار 73 افراد میں سے 63 پاکستانی تھے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخوا کے اضلاع کرم اور باجوڑ سے تھا۔


Comments
Comments are closed.