پاکستان اور امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے جمعرات کو بینکنگ، کان کنی، ریلوے اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ بات وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
یہ پیشرفت ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کو جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر اپنے پہلے دورہ پاکستان پر جمعرات کو اسلام آباد پہنچے تھے۔
پاکستان آمد پر ابوظہبی کے ولی عہد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی و سفارتی عہدیداروں نے نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں گلدستے پیش کیے۔ استقبال کے مقام کو پاکستان اور یو اے ای کے پرچموں سے سجایا گیا جبکہ بچوں کے ایک گروپ نے پرچم لہرا کر انہیں خوش آمدید کہا۔
ابوظہبی کے ولی عہد ایک اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کر رہے ہیں جس میں وزراء، سینئر حکام اور اہم کاروباری رہنما شامل ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم ہاؤس آمد پر مسلح افواج کے ایک دستے نے محمد بن زید آل نہیان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دورے کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد پاکستانی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
دونوں ممالک متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور طویل مدتی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔


Comments
Comments are closed.