آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو چھ برس مکمل، مسلح افواج کا قوم کے دفاع کا عزم
- چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان کا مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین
سال 2019 کے ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کی چھٹی برسی کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے کہا کہ وہ چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) اور مسلح افواج کے سربراہان پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور مکمل طور پر تیار ہیں اور پاکستانی عوام کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج غیر متزلزل عزم کے ساتھ مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں جبکہ علاقائی اور عالمی امن کے اقدامات میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 فروری 2019 کو شروع کیا گیا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ بھارت کی بلاجواز جارحیت کا بھرپور جواب تھا جس میں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ ان میں سے ایک بھارتی پائلٹ کو پاکستان نے پکڑ لیا تھا اور بعد میں اسے امن کے طور پر بھارت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
دریں اثنا، آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن نے نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کیا بلکہ جارحیت کو مؤثر طریقے سے روکنے اور فوری طور پر ڈیٹرنس کو دوبارہ قائم کرنے کی ان کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔


Comments
Comments are closed.