آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے نویں ایڈیشن کا آغاز بدھ کو ہوگا جس کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کی پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے پھینکی جائے گی۔ یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کے تین مقامات کراچی، لاہور اور راولپنڈی اور دبئی، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوگا۔
پاکستان 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے، جو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جہاں سری لنکا نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے تین مقامات قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو بڑے پیمانے پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
پاکستان نے 2017 کے ایڈیشن کے فائنل میں سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں قدم رکھا۔ فخر زمان کو 106 گیندوں پر 114 رنز بنانے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی جبکہ حسن علی کو پانچ میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا تھا۔
ایونٹ میں حصہ لینے والی 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں میزبان پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت اور نیوزی لینڈ کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں افغانستان، موجودہ ون ڈے ورلڈ کپ چیمپیئن آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ کے بعد پاکستان اپنے اگلے 2 گروپ میچز 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں اور 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
گروپ مرحلے میں تین، 3 میچ دبئی، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ لاہور کے نئے اپ گریڈ شدہ اسٹیڈیم میں دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اگر بھارت کوالیفائی نہیں کرتا ہے تو فائنل 9 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا تاہم اگر وہ کوالیفائی کرتا ہے تو یہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
2017 میں یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے علاوہ پاکستان 3 مرتبہ 2000، 2004 اور 2009 میں اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ 29 سال بعد پاکستان میں ایک عالمی ایونٹ آیا ہے اس لیے مجھے یقین ہے کہ پوری قوم اس تاریخی موقع کا جشن منا رہی ہے۔ ہماری کارکردگی کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے، ہم نے سخت محنت کی ہے اور اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے. ہم امید کرتے ہیں کہ ہم انشاء اللہ کل اچھا کھیلیں گے۔
ہماری پوری توجہ ملک اور عوام کے لئے ٹورنامنٹ جیتنے پر ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم مطلوبہ نتائج حاصل کریں گے۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ:
محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، کامران غلام، خوشدل شاہ، محمد حسنین، نسیم شاہ، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، طیب طاہر اور عثمان خان۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے گروپ مرحلے کے میچز:
-
19 فروری - بمقابلہ نیوزی لینڈ، کراچی
-
23 فروری - بمقابلہ بھارت، دبئی
-
27 فروری - بمقابلہ بنگلہ دیش، راولپنڈی


Comments
Comments are closed.