نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لیوکی فرگوسن دائیں پاؤں میں انجری کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے۔
ٹورنامنٹ سے صرف ایک روز قبل لیوکی فرگوسن کا انجرڈ ہونا بلیک کیپس کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے ۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے جہاں افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق لیوکی فرگوسن کو اتوار کو افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں بولنگ کے بعد دائیں پاؤں میں درد محسوس ہوا تھا، ابتدائی طبی معائنے سے پتہ چلتا ہے کہ 31 سالہ فرگوسن ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔
اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل نے طے کیا ہے کہ فرگوسن چیمپئنز ٹرافی کیلئے فٹ نہیں ہو پائیں گے، نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں لوکی فرگوسن کی جگہ کائل جیمیسن کو شامل کرلیا گیا ہے۔
ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ ہم لیوکی کیلئے بہت مایوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیوکی بولنگ گروپ کا اہم حصہ ہیں اور ان کے پاس بڑے ٹورنامنٹ کا وسیع تجربہ ہے۔
واضح رہے کہ کائل جیمیسن نے کمر میں اسٹریس فریکچر کی وجہ سے دس ماہ کرکٹ سے دور رہنے کے بعد دسمبر میں ڈومیسٹک میں واپسی کی ہے۔
گیری اسٹیڈ کا جیمیسن کے بارے میں کہنا ہے کہ کائل بہت زیادہ رفتار اور اضافی باؤنس لاتا ہے جو پاکستان کے حالات کے مطابق ہوگا۔
انہوں نے واپسی کے بعد یہ ثابت کیا ہے کہ وہ 50 اوورز کی کرکٹ میں کتنے مؤثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے تیز رفتار کے ساتھ بولنگ کی ہے جو ایک فاسٹ بولر سے خاص طور پر ایک اہم ایونٹ میں آپ کی توقع ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے بین سیئرز ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے، انہیں بدھ کو کراچی میں ٹریننگ سیشن کے دوران انجری ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ لیوکی فرگوسن سے قبل بھارت کے جسپریت بمراہ، جنوبی افریقہ کے اینرک نورٹجے اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ بھی چمپئنرٹرافی سے انجری کے باعث باہر ہوچکے ہیں۔


Comments
Comments are closed.