خیبر پختونخوا: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 15 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
- آپریشن کے دوران 4 جوان شہید ہوئے، ترجمان عسکری میڈیا ونگ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 15 فروری 2025 کو خیبر پختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں 15 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھلہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن میں 9 عسکریت پسند مارے گئے جن میں اہم ہدف والے کارندے فرمان، امان اللہ، سعید اور بلال شامل ہیں۔
بیان کے مطابق مارے گئے عسکریت پسند دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں ایک دوسرے آپریشن میں 6 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لاہور کے رہائشی 21 سالہ لیفٹیننٹ محمد حسان ارشاد آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے اور ان کے ساتھ 3 دیگر جوان بشمول ڈیرہ اسماعیل خان کے رہنے والے 39 سالہ نائب صوبیدار محمد بلال ، لکی مروت کے رہائشی 27 سالہ سپاہی فرحت اللہ اورضلع مہمند کے رہنے والے 29 سالہ سپاہی ہمت خان جام شہادت نوش کرگئے۔
علاقے میں باقی ماندہ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کی کارروائیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا کہ بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔


Comments
Comments are closed.