سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے یہ فیصلہ اڈیالہ جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران سنایا۔
پی ٹی آئی کے بانی کے علاوہ شیخ رشید احمد، شیخ اسد شفیق، راجہ بشارت، زرتاج گل اور 100 دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔ پی ٹی آئی کے بانی اور دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
آج نیوز کے مطابق پولیس نے راجہ بشارت اور عمر ایوب کو اڈیالہ جیل کے باہر حراست میں لے کر اڈیالہ پولیس چوکی منتقل کردیا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اور فواد چوہدری کو جیل کے احاطے سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔
9 مئی کو جی ایچ کیو حملے سے متعلق مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں مجموعی طور پر 143 ملزمان نامزد ہیں جن میں مراد سعید، شہباز گل اور زلفی بخاری سمیت 23 کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
متعدد بڑے مقدمات میں ریلیف حاصل کرنے کے باوجود سابق وزیراعظم کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق متعدد الزامات کا سامنا ہے جن کی سماعت اس وقت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جاری ہے۔
گزشتہ ماہ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق 8 کیسز میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں، جن میں جناح ہاؤس پر حملہ بھی شامل تھا۔
ان مقدمات میں جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور پر حملے، شادمان تھانے میں آتش زنی اور توڑ پھوڑ کے واقعات اور راحت بیکری چوک اور زمان پارک میں پولیس گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے الزامات شامل ہیں۔


Comments
Comments are closed.