آئی جی اسلام آباد کا تمام مظاہرین کو ڈی چوک سے نکالنے کا عزم
- شرپسندوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، قانون کے مطابق ایکشن لیں گے، علی ناصر رضوی
اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل علی ناصر رضوی نے منگل کے روز وفاقی دارالحکومت سے مظاہرین کو نکالنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کریں گے جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عوامی ریلیاں نکالنے یا دھرنے دینے سے روکا گیا ہے۔
پولیس چیف کے مطابق شرپسندوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔
اسلام آباد کے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے حامیوں کے پہنچنے کے بعد پولیس کی جانب سے انہیں دھرنے سے روکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ پی ٹی آئی اپنے بانی عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پارٹی فروری کے انتخابات میں مبینہ چھیڑ چھاڑ اور حکومت کی حمایت یافتہ حالیہ آئینی ترمیم کے خلاف بھی احتجاج کر رہی ہے۔
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اوران کے اہم معاون پی ٹی آئی کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے منگل کو دارالحکومت میں مارچ کی قیادت کی۔
مظاہرین لوہے کی سلاخیں، غلیلیں اورلاٹھیاں اٹھائے مارچ کرتے ہوئے درختوں اور گھاس کو آگ لگا رہے تھے۔ روئٹرز کے عینی شاہدین نے مظاہروں کے آس پاس فائرنگ کی آوازیں سنی تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اس فائرنگ کا ذمہ دار کون ہے۔
قبل ازیں پیر کی شب پی ٹی آئی کے حامیوں کے پولیس کے ساتھ تصادم کے بعد پاک فوج کو تعینات کردیا گیا، یہ تصادم اس وقت ہوا تھا جب پی ٹی آئی کا قافلہ دارالحکومت میں داخل ہوا تھا، اس تصادم کے نتیجے میں رینجرز کے 4 جبکہ پولیس کے 2 جوان شہید ہوئے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں یہ شہادتیں اس وقت ہوئیں جب سرینگر ہائی وے پر مظاہرین نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھادی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو طلب کیا گیا اور شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شرپسندوں اور بدامنی پھیلانے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے واضح احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
صوبائی پولیس کے سربراہ عثمان انور نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اسلام آباد کے باہر اور صوبہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں ایک پولیس افسر کو گولی مار کر شہید کردیا گیا جبکہ کم از کم 119 زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی 22 گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔
عثمان انور نے مزید بتایا کہ دو افسران کی حالت تشویشناک ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز پر حملے قابل مذمت ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انارکسٹ گروپ خون ریزی چاہتا ہے، یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ انتہا پسندی ہے۔
پیر کی شب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے ہزاروں حامی آنسو گیس کی شیلنگ اورلاٹھی چارج کے دوران دارالحکومت میں داخل ہوئے۔
ملک کے تمام حصوں سے 15 کلومیٹر سے زیادہ طویل قافلے چونگی نمبر 26 کو عبور کرتے ہوئے پیر کی رات دیر گئے ڈی چوک جا رہے تھے۔
ہزاروں حامیوں پر مشتمل پی ٹی آئی کی ریلی کا موٹروے پر کٹی پہاڑی سے گزرنے پر پولیس اور نیم فوجی دستوں سے ٹکراؤ ہوا۔
اس سے قبل پیر کو ہزارہ انٹرچینج کے قریب قافلے سے خطاب کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا تھا کہ عمران خان کی رہائی تک پارٹی کا مارچ ختم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف میرے شوہر کے بارے میں نہیں ہے بلکہ ملک اور اس کے رہنما کے بارے میں ہے۔
حکومت نے اسلام آباد کی اہم سڑکوں اور گلیوں کو بند کرنے کے لیے شپنگ کنٹینرز کا استعمال کیا ہے جس کے ساتھ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری گشت کر رہی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عثمان اشرف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے تمام جمع ہونے، عوامی اجتماعات، جلوسوں، ریلیوں اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پیر کی صبح بیرسٹر گوہر خان اور بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی کہ عمران خان کی جانب سے احتجاج کی کال حتمی ہے اور اس کی منسوخی کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتجاج کے بارے میں عمران خان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور تحریک منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھے گی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اسٹریٹجک تبادلہ خیال کیا گیا۔
احتجاج کے حوالے سے جاری مذاکرات کے بارے میں پوچھے جانے پر بیرسٹر گوہر نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ مناسب وقت پر اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید تصدیق کی کہ بات چیت اب بھی جاری ہے لیکن انہوں نے اس وقت مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔


Comments
Comments are closed.