پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2024 کے اہم میچ میں میزبان چین کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ہولنبیئر موکی ہاکی ٹریننگ بیس میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے چین کو 1-5 سے زیر کیا۔
گرین شرٹس نے پہلے ہاف میں 0-2 کی برتری حاصل کرتے ہوئے مخالف ٹیم پر غلبہ حاصل کیا۔ انہوں نے دوسرے ہاف میں مزید جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید 3 گول اسکور کیے جبکہ چین کی جانب سے صرف ایک گول کیا گیا۔
ندیم احمد اور حنان شاہد میچ کے ہیرو رہے جنہوں نے دو دو گول اسکور کیے۔ چین کی جانب سے واحد گول چوتھے کوارٹر میں جی اے او جیشینگ نے کیا۔
یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت ہے۔ بدھ کے روز پاکستان نے جاپان کو 2-1 سے شکست دی۔
اس سے قبل گرین شرٹس نے ملائیشیا (2-2) اور کوریا (2-2) کے خلاف لگاتار دو میچ ڈرا کیے تھے۔
پاکستان ہفتہ کو آخری پول میچ میں روایتی حریف بھارت کا مقابلہ کرے گا۔ بھارت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے جس نے آنے والے مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے۔


Comments
Comments are closed.